زبان: اردو

ہمارے بارے میں

About (ہمارے بارے میں )

ہر سال تقریباً 90لاکھ بچے اپنی پانچویں سالگرہ سے پہلے ایسی بیماریوں کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں جن کی روک تھام ممکن ہوتی ہے۔ ان میں سے دوتہائی کی موت ان کی زندگی کے پہلے سال کے دوران ہوتی ہے۔ لاکھوں بچے ایسے ہوتے ہیں جو زندہ تو بچ جاتے ہیں مگر ان کی زندگی مختلف معذوریوں کا شکار ہو جاتی ہے اور وہ اپنی بھرپور صلاحیتوں کے مطابق ذہنی و جسمانی نشوونماء نہیں پا سکے۔

پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کی تمام اموات میں سے نصف کے ذمہ دار صرف پانچ امراض ہیں - نمونیہ، دستوں کی بیماری، ملیریا، خسرہ، اور ایڈز۔ ان اموات میں سے ایک تہائی کی وجہ غذائیت کی کمی ہے۔

’زندگی کے حقائق‘ کا مقصد خاندانوں اور کمیونٹیوں کو وہ معلومات فراہم کرنا ہے جن کی انہیں بچوں کی زندگی بچانے اور اسے بہتر کرنے کے لئے ضرورت ہے۔ والدین، دادا، دادی، نانا، نانی، دیکھ بھال کرنے والے دیگر افراد اور نوجوان لوگ، بچوں کی پیدائش اور بچوں کو زندگی کا بہترین آغاز فراہم کرنے سے متعلق سوالات کے جوابات کے لئے عملی معلومات کے اس ذریعے سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔ درپیش چیلنج اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہر فرد ان حقائق سے آگاہ ہو، انہیں اچھی طرح سمجھتا ہو اور ان پر عمل در آمد کے لئے تیار ہو۔

’زندگی کے حقائق‘ میں شامل پیغامات دنیا بھر کے طبی اور بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونماء کے ماہرین کی جدید سائنسی تحقیقات پر مبنی ہیں۔ ان حقائق کو سادہ زبان میں پیش کیا گیا ہے تاکہ انہیں اچھی طرح سمجھا جا سکے اور سائنسی پس منظر سے ناواقف لوگ بھی ان پر آسانی سے عمل کر سکیں۔ ان پر عمل کرنے سے بہت سی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔

’زندگی کے حقائق‘ کے پیغامات انسانی حقوق، خصوصاً بچوں کے حقوق کے معاہدے اور عورتوں کے خلاف ہر قسم کی تفریق کے خاتمے کے بارے میں معاہدے پر بھی مبنی ہیں۔

یہ پیغامات لوگوں کو اپنے بچوں کے حقوق پورا کرنے کا اختیار دیتے ہیں۔ یہ عورتوں، نوجوان لوگوں اور بچوں کو بھی اپنے حقوق پر عمل کرنے اور ان کے حق میں بولنے کے قابل بنانا چاہتے ہیں۔

ہر کوئی - کارکنان صحت، ٹیچرز، سماجی کارکنان، سرکاری اہلکار، براڈ کاسٹرز، صحافی، کمیونٹی کے کارکن، مذہبی اور سیاسی قائدین، مائیں، باپ، دادا، دادی، نانا، نانی، خاندان کے دیگر ارکان، دوست، پڑوسی، طالب علم اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد- چاہے وہ نوجوان ہے، بوڑھا ہے، مرد ہے ،عورت ہے، لڑکا ہے یا لڑکی، ’زندگی کے حقائق‘ کے پیغامات ایک دوسرے کو پہنچانے میں مدد دے سکتے ہیں۔

The Internet of Good Things