فرنٹ لائن ورکرز/سماجی کارکن کے لئے کچھ عملی مشورے

  1. کسی ماں اور بچے کے دیکھ بھال کرنے والے سے ملنے جاتے وقت اس کی سہولت اور رضامندی کو مدِ نظر رکھیں۔ اس سے وہ ماں آپ کے ساتھ سکون کے ساتھ بیٹھ پائے گی ، آپ کی بات غور سے سن پائے گی اور آپ کو اپنے مسائل بتانے کے قابل ہوگی ۔
  2. ہر بار جانے پر پہلے سلام کریں اور خاندان کی عمومی خیریت دریافت کریں۔ اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ آپ محض اپنے پیشہ ورانہ فرائض پورے کرنے نہیں گئیں ، یا پھر کوئی لیکچر سنانے نہیں گئیں بلکہ آپ خاندان کے مسائل سننے اور ان کے حل میں ذاتی دل چسپی لے رہی ہے۔
  3. اگر خاندان کے دیگر ارکان موجود ہوں تو ، انہیں بھی سلام کریں اور اگر وہ دل چسپی لیں ، انہیں بھی بات چیت میں شامل کریں۔ خاندان کو یقین دلائیں کہ آپ دراصل خاندان، ماں اور بچے کی صحت کے بارے میں فکر مند ہیں۔
  4. کسی بھی گھر میں بیٹھتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ اور خاندان کے دیگر افراد ایک ہی سطح پر بیٹھے ہیں۔ فرنٹ لائن ورکرز کو اس وقت کسی کرسی پر نہیں بیٹھنا چاہیے اگر خاندان کے افراد نیچے فرش پر بیٹھے ہوں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو ماں اور خاندان کے دیگر افراد خود کو آپ کی نسبت کم تعلیم یافتہ سمجھیں گے اور آپ کے ساتھ کھل کر بات نہیں کریں گے۔
  5. ہر بار وزٹ کرنے پر ان باتوں کی یاد دہانی کرائیں جو پہلے ہوچکی ہیں اور ان فیصلوں کو دہرائیں جو کئے جاچکے ہیں۔ اگر ماں نے مشورے پر عمل کیا ہے ، تو اس کی تعریف کریں۔ اور اگر وہ عمل نہیں کرسکی ، تو اس کی وجہ جاننے کی کوشش کریں۔ ماں سے رضا مندی کا اظہار کریں اور اسے ایک بار پھر مشورے پر عمل کرنے کا کہیں۔
  6. ماں کی تعریف کریں کہ وہ اپنا اور اپنے بچے کا خیال رکھ رہی ہے ۔ اگر آپ ایسا کریں گی تو ماں ہر اس رویے کو اختیار کرنے کی کوشش کرے جو آپ اسے اختیار کرنے کا بتائیں گی۔
  7. ماں کی ہر بات غور سے سنیں اور پھر اسے اپنے الفاظ میں دہرائیں۔ ماؤں کو محسوس کرائیں کہ آپ اس خاندان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے سنجیدہ ہیں اور اس لئے غور سے بات سن رہی ہیں۔ اس سے خاندان اور ماؤں کو یہ محسوس ہوگا کہ ان کا مسئلہ حل ہونے کے قابل ہے۔ اگر آپ ان کا مسئلہ سمجھنے میں ناکام رہیں، ماؤں کے الفاظ دہرانے سے آپ کو بھی پتہ چل جائے گا کہ آپ اچھی طرح نہیں سمجھ پائیں۔
  8. ماؤں سے بات کرتے وقت اور ان کی بات سنتے وقت ، آنکھوں میں آنکھیں ڈالنا مت بھولیں۔ اس سے انہیں محسوس ہوگا کہ آپ ان کی بات پوری توجہ سے سن رہی ہیں اور ان کے خاندان کے لئے مخلص ہیں۔ سنتے وقت سر ہلانا اور حوصلہ بڑھانے والے الفاظ مثلاً ’’اچھا‘‘، ’’ بہت اچھے‘‘ ، ’’بہت خوب‘‘ ماؤں کو آسانی سے بات کرنے میں مدد دیں گے۔
  9. ماؤں اور بچے کی دیکھ بھال کرنے والوں سے بات چیت کرتے وقت ، ہمیشہ سادہ زبان اور قابلِ فہم الفاظ استعمال کریں۔ عام طور پر عام بیماریوں پر بات کرتے وقت بھی ہیلتھ ورکرز سائنسی اصطلاحات استعمال کرتی ہیں جنہیں عام لوگ نہیں سمجھ پاتے۔
  10. ہر وزٹ کے خاتمے پر شکریہ ادا کریں۔ ماں اور خاندان کا وقت دینے اور بات غور سے سننے پر شکریہ ادا کریں اور جانے کی اجازت طلب کریں۔ جانے سے قبل اگلی وزٹ کے لئے وقت اور تاریخ کا فیصلہ کرکے جائیں۔
پیچھے